لاہور (نوائے وقت رپورٹ)سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبی شجاع الرحمان سے اپنے حلقے این اے 118 کے ترقیاتی کاموں پر تفصیلی بریفنگ لی۔ ترقیاتی منصوبوں میں نئے ٹیوب ویل، واٹر فلٹریشن پلانٹ کی اپ گریڈیشن، سکول کالج کی اپ گریڈیشن، واٹر سپلائی، سٹریٹ لائٹس، سیوریج سمیت پی ایچ اے کے معاملات شامل تھے۔ حمزہ شہباز نے ملاقات میں عوامی فلاح کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دینے اور انہیں جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات دیں۔ سابق وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا واحد ممطح نظر عوام کی فلاح اور بھلائی کے منصوبے ہیں اور انشاء اللہ جلد ہی نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منزلیں طے کرے گا۔ حمزہ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی اور بیرونی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے عزم کی تکمیل میں کوشاں ہے۔
حمزہ شہباز نے مجتبیٰ شجاع سے این اے 118 میں ترقیاتی کاموں پر بریفنگ لی
Jun 06, 2024