مہنگائی 5ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی، عالمی ادارے بھی تسلیم کررہے ہیں‘ عظمیٰ بخاری 

Jun 06, 2024

لاہور ( این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گزشتہ 5ماہ کے دوران ملک میں مہنگائی 37سے 11فیصد پر آگئی ہے جو کہ عالمی ادارے بھی تسلیم کررہے ہیں۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بلوم برگ،ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی حالیہ رپورٹس مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں، بلوم برگ نے کہا حیران کن طور پر پورے ایشیا میں پاکستان واحد ملک ہے جہاں 5 ماہ میں مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے بھی حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہا ہے، بلوم برگ کے مطابق 9سال بعد پہلی بار آٹا،گھی،سبزیوں اور پٹرول کی قیمت میں بڑی کمی ہوئی، یہ سب اللہ تعالی کی مدد اور میاں نوازشریف کی لیڈرشپ کوالٹی سے ممکن ہوا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شہبازشریف اور مریم نواز کی مسلسل محنت رنگ لائی ہے، شہبازشریف اور مریم نواز ملک کو دوبارہ ٹریک پر لانے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈرشپ کا ایجنڈا معیشت کی بحالی،بیروزگاری اور مہنگائی خاتمہ اور سرمایہ کاری لانا ہے، انتشاری ٹولے کا ایجنڈا ملک میں افراتفری پھیلانا اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کرنا ہے۔عظمیٰ بخاری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس نے کسی کو این آر او نہیں دینا تھا وہ خود این آر او کے لیے ہر دروازہ کھٹکھٹا رہا ہے، انتشاری ٹولے کے سرغنہ کا مشن خود کو اور اپنی بیوی کو جیل سے نکالنا ہے، ان کی پاکستان مخالف مہم کا ایجنڈا صرف "این آر او"ہے۔

مزیدخبریں