کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج تنزلی کا شکار رہی۔ کے ایس ای 100انڈیکس مزید 400 پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 74600پوائنٹس سے کم ہو کر 74200پوائنٹس کی پست سطح پر آگیا۔ جبکہ سرمایہ کاروں کو 55 ارب روپے سے زائد کا خسارہ برداشت کرنا پڑا اور 55.78 فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ 139.37پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 23918.72 پوائنٹس سے کم ہو کر 23779.35 پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 48230.95 پوائنٹس سے کم ہو کر 47962.70 پوائنٹس پر آگیا۔ انٹر بینک میں بدھ کو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 278.40 پر مستحکم رہی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 279.59 روپے پر برقرار رہی۔ یورو کی قدر میں 69 پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قدر 303.50 روپے سے گھٹ کر 302.81 روپے پر آ گئی۔ اسی طرح 92پیسے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قدر 356.57 روپے سے کم ہو کر 355.65روپے ہو گئی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 400روپے کی کمی سے 2لاکھ 40ہزار 600روپے کا ہو گیا۔
سٹاک مارکیٹ میں 400 پوائنٹس کمی، ڈالر مستحکم، سونا 400 روپے تولہ سستا
Jun 06, 2024