اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان سے جمیعت علما اسلام (شیرانی) کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سابق سپیکر اسد قیصر بھی شریک تھے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی اتحاد اور مل کر تحریک تحفظ آئین چلانے کا اعادہ کیا گیا۔ ترجمان اپوزیشن لیڈر کے مطابق مولانا شجاع الملک کی سربراہی میں وفد نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان سے ملاقات کی جس میں دونوں جماعتوں نے اتحاد و شراکت کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے باہمی مشاورت سے سیاسی حکمت عملی مرتب کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ مولانا شیرانی کے سیاسی موقف کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہم نے مل کر اس ملک میں آئین کی بحالی کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔ جمیعت اور تحریک انصاف کی آئین اور قانون کی پاسداری کے لیے سوچ مشترک ہے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات آج بھی درج کیے جا رہے ہیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین ملک میں آئین کی بالادستی چاہتی ہے۔ ہم ملک میں آئین کی بالادستی پر یقین رکھنے والی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر رہے ہیں۔ روایتی سیاست سے بالاتر، اعلی سیاسی و سماجی مقاصد کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔ جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا اتحاد ہے۔ اہلِ علم آگے بڑھیں اور قوم کی درست سمت میں رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں۔
جے یو آئی (شیرانی) وفد کی عمر ایوب سے ملاقات، اتحاد و شراکت کا باضابطہ اعلان
Jun 06, 2024