گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پی پی 64 گوجرانولہ فرقان عزیزبٹ نے کہا ہیکہ آئندہ بجٹ میں مہنگائی کو کم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جانا چاہئے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں سو فیصد اضافہ کیا جائے۔غریب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کی بجائے ٹیکس اصلاحات کو یقینی بنایا جائے اور اشرفیہ کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ پی ڈی ایم ٹو نے 25کروڑ عوام کو پتھر کے دور میں دھکیلنے کا حلف اٹھا یا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سرکل حافظ آباد روڈ کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔جس کے اثرات عام آدمی کی زندگی پر بھی پڑ رہے ہیں۔غریب آدمی دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے۔پاکستان معاشی طور پر ایک غریب اور پسماندہ ملک ہے۔جب ملک قحط اور معاشی بدحالی کا شکار تو سب سے پہلے سرمایہ دار، سیاست دان، اور بیوروکریٹ طبقہ کو دی جانے والی مراعات واپس لے لینی چاہییں اور کفایت شعاری کو اختیار کیا جانا چاہئے۔ پاکستان میں 300 ارب روپے سرکاری افسران کی شاہانہ طرز زندگی کو بر قرار رکھنے پر خرچ ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی یہ بد قسمتی ہے کہ سرکاری اداروں میں بورڈ آف ڈائریکٹر بنا کر کرپشن کا دروازہ کھول دیا جاتا ہے۔