چائنا انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین جناب لو ژاؤہوئی کی وزیراعظم سے ملاقات

 وزیراعظم محمد شہبازشریف سے  چائنہ انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (سی آئی ڈی سی اے) کے چیئرمین  لو ژاؤہوئی نے آج بئیجنگ میں  ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے CIDCA کی بھرپور حمایت کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جناب لو ژاؤہوئی آپ نے پاکستان میں بطور سفیر اپنی زمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دیں. انہوں نے مزید کہا کہ آپ نہ صرف پاکستان میں چین کے سفیر تھے بلکہ آپ پاکستان میں پاکستان کے بہترین دوست بھی تھے اور یہ جذبہ اب بھی قائم ہے۔ 

وزیراعظم اور چیئرمین سی آئی ڈی سی اے نے چین پاکستان کی منفرد اور پائیدار دوستی اور مشترکہ ترقی، اسٹریٹجک اعتماد اور باہمی فائدے سے چلنے والے عملی تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے ترقی اور سلامتی کے درمیان باہمی طور پر مضبوط تعلقات پر بھی تبادلہء خیال کیا۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کو پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی آہنی علامت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت سماجی اقتصادی ترقی پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ دونوں اطراف کی عوام  کی زندگیوں اور معاش کو بہتر بنانے کے لیے سی پیک کے فیز II میں تعاون کی  یہ رفتار برقرار رہے گی۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتیں اور عوام قدرتی آفات اور آفات کے وقت ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کووڈ - CoVID-19، 2022 کے بعد کے سیلاب کی تعمیر نو اور پولیو ویکسین کی فراہمی کے beدوران ترقی پذیر ممالک اور خاص طور پر پاکستان کی مدد کرنے میں CIDCA کے اہم کردار کی تعریف کی۔  چیئرمین سی آئی ڈی سی اے نے مختلف شعبوں میں چین پاکستان تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے ردعمل اور انسانی وسائل کی ترقی بشمول بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) اور گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) کے تحت جاری منصوبوں میں دو طرفہ شراکت داری کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم مصدق ملک ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ ، وفاقی وزیر نجکاری عبد العلیم خان ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن