”لوڈشیڈنگ اور بجلی کے زائد نرخ صنعت کو تباہ کر رہے ہیں“

لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان ٹیکسٹائلزملز ایسوسی ایشن (آپٹما) کے سینئر ممبر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹیکسٹائلز فراز عالم نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور زیادہ نرخ صنعتی شعبے کو تباہ و برباد کررہے ہیں اور اگر حکومت نے زبانی دعوے چھوڑ کر عملی اقدامات نہ اٹھائے تو ملک میں صنعت نام کی کسی چیز کا وجود نہیں رہے گا، بے روزگاری کا سیلاب آجائے گا اور لوگ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے سنگین ترین بحران کو جس طرح نظر انداز کررکھا ہے اُس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اِس بحران کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی سستی اور نااہلی کی وجہ سے صنعتکار، تاجر اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحران کی وجہ سے لاتعداد صنعتی یونٹس بند ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں افراد بے روزگاری کا عذاب کاٹ رہے ہیں، اُن کے بچے بھوک سے بلک رہے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن