جدہ ( امیر محمد خان سے ) بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کے سعودی عرب کے دورے سے سعودی عرب سے پاکستا ن کے تعلقات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا دنیا جانتی ہے کہ بھارت کے اسرائیل کے ساتھ کتنے مضبوط مراسم ہیں جو عالم اسلام کیلئے خطرناک ہیں۔ یہ بات سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر عمر علی خان شیرزئی نے جدہ میں لیڈیز گروپ کے عشائیہ میں خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوںنے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مراسم اتنے گہرے اور مضبوط ہیں جن میں اس طرح کے دوروں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ سعودی قیادت پاکستان اور پاکستانیوں سے بے پناہ محبت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں پاکستان کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر مشکل وقت گزر چکا ہے اور اب ہماری بہادر افواج نے اکثر علاقوں سے دہشت گردوں کو مار بھگایا ہے یا انہیں نیست و نابود کردیاہے ۔