بھارت کو جہلم پر وولر بیراج بنانے سے بزور بازو روکا جائے: واٹر موومنٹ

Mar 06, 2013

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان واٹر موومنٹ کے رہنماﺅں نے بھارت کی طرف سے وولر بیراج کی تعمیر شروع کرنے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے بھارت و امریکہ کی خوشنودی کیلئے پاکستانی دریاﺅں پر غیر قانونی ڈیموں کی تعمیر پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے جس سے بھارت کے حوصلے بلند ہوئے اور وہ اسرائیلی ماہرین کے تعاون سے جنگی بنیادوں پر ڈیم تعمیر کر رہا ہے ۔ دریائے جہلم پر وولر بیراج کی تعمیر سے بھارت کو بزور بازو روکا جائے۔ محض عالمی عدالت میں کیس لیجانا کافی نہیں‘ بھارتی آبی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں موومنٹ کے کنوینئر حافظ سیف اللہ منصور، حافظ خالد ولید اور ڈاکٹر ابو وقاص نے کہاکہ بھارت آبی دہشت گردی کا ارتکاب کر کے خطہ کے حالات خود خراب کر رہا ہے وہ اپنی ان حرکتوں سے باز نہ آیا توآئندہ پاکستان بھارت جنگ پانی کے مسئلہ پر ہو گی، پاکستانی قوم اپنے دریاﺅں کے پانیوں پر بھارتی قبضہ کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ انڈیا آبی دہشت گردی کے ذریعہ دنیا کی سب سے بڑی پانی کی ڈکیتی کا ارتکاب کر رہا ہے، وہ پاکستان کے پانیوں پر قبضہ کرکے وطن عزیز کو بنجر بنانے میں مصروف ہے اور حکمران دہشت گرد بھارت سے یکطرفہ دوستی پروان چڑھانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی آبی دہشت گردی سے وطن عزیزپاکستان کے کھیت کھلیان برباد ہو رہے ہیں۔ متنازعہ ڈیموں کی تعمیر میں بھارت کو اقوام متحدہ اور ورلڈ بنک جیسے اداروں کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔ ہم سمجھتے ہیںکہ مقبوضہ کشمیر سے آٹھ لاکھ بھارتی فوج نکالے بغیر پانیوں کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔ بھارتی ”واٹر بم“ کے توڑ کے لئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

مزیدخبریں