لاہور+اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ثناءنیوز) بھارت نے پاکستان کے ساتھ سکواش سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق بھارتی کھلاڑیوں نے سیریز کھیلنے کیلئے رواں سال پاکستان کا دورہ کرنا تھا۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ائر وائس مارشل رضی نواب نے اسلام آباد میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال بھارت نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ سیریز کھیلنے کیلئے رضامندی کا اظہار کیا تھا تاہم بھارتی حکومت نے اس سیریز کی اجازت نہیں دی۔ کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والی سنوکر سیریز ملتوی کر دی گئی ہے۔ پاکستان بلیئرڈز اور سنوکر ایسوسی ایشن کے صدرعالمگیر اے شیخ نے بتایا کہ انڈیا کی ٹریول ایڈوائزری نے سات سے دس مارچ تک منعقد ہونے والی سیریزکے لیے اپنی سنوکر ٹیم کو پاکستان کا سفر کرنے سے روک دیا ہے۔بھارتی ہٹ دھرمی برقرار، پاکستان سائیکلنگ ٹیم کو تاحال ایشین چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے ویزے جاری نہیں ہو سکے ہیں۔ ایشین سائیکلنگ چیمپئن شپ کے مقابلے 5 سے 17 مارچ تک نئی دہلی میں ہو رہے ہیں جس کے لئے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے بارہ رکنی ٹیم کا اعلان کر رکھا ہے۔
بھارت کا پاکستان کیساتھ سکواش سیریز کھیلنے سے انکار‘ سنوکر مقابلے بھی ملتوی
Mar 06, 2013