”پاکستانیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، تنخواہ اور عزت کی ضرورت ہے“

لاہور(لیڈی رپورٹر)حمید نظامی پریس انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام گزشتہ روز ” تعلیمی رپورٹنگ، صورتحال اور تقاضے“ کے موضوع پر سیمینار ہوا۔ چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاو¿نڈیشن راجہ انور اور پرنسپل ٹاو¿ن شپ کالج ڈاکٹر اعجازبٹ مہمانان خصوصی تھے۔مقررین میںلاہور ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر یوسف عباسی اور کالم نگار عارفہ صبح خان شامل تھے۔نظامت کے فرائض ڈائریکٹر حمید نظامی پریس انسٹی ٹیوٹ ابصار عبدالعلی نے انجام دیئے۔تلاوت کلام پاک کی سعادت قاریہ آمنہ ذوالفقار نے حاصل کی۔ راجہ انور نے کہا کہ ایجوکیشن رپورٹرز غیرجانبداری کامظاہرہ کرتے ہوئے حقائق کوسامنے لائیں، کرپشن کاتعفن پورے معاشرے میں پھیلاہونے کے باوجود پاکستانی قوم میں انتہائی باکردار افراد موجود ہیںجو ٹیلنٹڈ بھی ہیں اور جفاکش بھی، صرف انہیں اچھی تنخواہ اور عزت دینے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹراعجاز بٹ نے کہا کہ سنسنی خیزی کوخبر کی خبر کی ضرورت نہ بنایا جائے، ایجوکیشن رپورٹرز انوسٹی گیٹیو رپورٹنگ کے ذریعے حقائق تک رسائی حاصل کریں۔ ابصارعبدالعلی نے کہا کہ تمام میڈیا پرسنز سچائی کو رپورٹ کرنے کاعزم کریں تاہم اچھے صحافی کو جرات اظہار کے علاوہ سچ بولنے کاقرینہ بھی سیکھنا ہوگا۔عارفہ صبح خان نے کہا کہ اگر ایجوکیشن رپورٹر ز اپنے فرائض منصبی درست انداز میں انجام دیتے تو آج محکمہ تعلیم میں کرپشن کابازار گرم نہ ہوتا۔ یوسف عباسی نے کہا کہ ایجوکیشن رپورٹرز اپنی بیٹ کی رپورٹنگ قومی فریضہ سمجھ کر اداکریں۔ 

ای پیپر دی نیشن