مکرمی! گزارش ہے کہ ایل ڈی اے نے گزشتہ چند روز سے تجاوزات کیخلاف مہم شروع کی ہوئی ہے جو کہ ایک قابل تحسین اور قابل تعریف اقدام ہے۔ اس مہم کے دوران جگہ جگہ سے تجاوزات کے علاوہ ناجائز پارکنگ کا بھی خاتمہ کیا گیا ہے جو شہریوں کیلئے ایک سخت عذاب ہے۔ شہریوں کو اس مہم میں ایل ڈی اے عملے کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہئے اور ادارے سے بھی گزارش ہے کہ اس سلسلے کو جاری رکھیں اور وقتاً فوقتاً بعد میں نظر بھی رکھیں تاکہ یہ تجاوزات دوبارہ قائم نہ ہوسکیں۔ یہاں ایل ڈی اے حکام کی توجہ اس طرف بھی دلانی مقصود ہے کہ 60 فٹ سڑکوں کے دونوں اطراف باڑ لگا کر یا دیوار بناکر لوگوں نے ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور نتیجے میں سڑک صرف 20 فٹ کی رہ گئی ہے، ان کیخلاف بھی کارروائی کرکے انہیں ختم کرایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے۔ اسکے علاوہ اکثر لوگ رہائشی گھروں کو کمرشل کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ جگہ جگہ کلینک، بیوٹی پارلر، سکولز، گودام وغیرہ قائم کرلئے گئے ہیںانکا بھی اگر سدباب ہوجائے تو یہ شہریوں کیلئے ایک احسن اقدام ہوگا۔(شیخ سلیم رئوفی۔ 195 سکندر بلاک علامہ اقبال ٹائون لاہور)