داخلی سلامتی پالیسی پر عملدرآمد کر کے مستقل امن قائم کیا جائیگا: رانا تنویر

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت  طالبان کی بات نہ ماننے والے گروپس کے ساتھ مذاکرات کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے‘ طالبان آئین پاکستان  اور شریعت کو تسلیم  کر تے ہیں‘ کچہری سانحہ میں ملوث گروہوں کی شناخت کیلئے  حکومت کے ساتھ ساتھ طالبان نے بھی اپنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہے‘ قومی داخلی سلامتی پالیسی پر عمل درآمد کر کے ملک میں مستقل طور پر امن قائم کیا جائیگا۔ وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ رانا تنویر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قومی داخلی سلامتی پالیسی کو تشکیل دے کر اہم کارنامہ انجام دیا ہے جس میں جاری بدامنی کو روکنے اور اس کے مستقل حل کی کوشش کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان سے جاری مذاکراتی عمل میں حکومت، افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے، افواج کے مذاکراتی عمل میں شمولیت پر کسی کو حرج نہیں ہونا چاہئے، افواج پاکستان زمینی حقائق سے مکمل طور پر آگاہ ہیں، جس سے مذاکراتی عمل کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں، حکومت مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کے لئے جو موزوں سمجھے گی، وہ اقدامات اٹھائے گی۔ علاوہ  ازیں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ہائوس کی سکیورٹی سے زیادہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اہم ہے، حکومت طالبان سے مذاکرات آئین و قانون کی حدود میں رہ کر کرے، ملک حالت جنگ میں ہے، حکومت ملک کو اس دلدل سے نکالنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز کی مدد سے ملک میں امن و امان کو یقینی بنائے گی۔ پاکستان ہائوس کی حفاظت سے زیادہ معصوم عوام کی جانوں کا تحفظ اہم ہے اور حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داری کو نبھائے گی۔ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بندوق کے ذریعے ملک کو یرغمال بنانے والوں کے خلاف ہیں، حکومت مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے والے گروہوں کے خلاف کارروائی کرے ، مذاکرات کی کامیابی کے لئے افواج پاکستان اور حکومت کا ایک صفحہ پر ہونا ضروری ہے۔ امریکی افواج کے انخلاء کے بعد پاکستان کے حالات پر برا اثر پڑنے کا خدشہ ہے، حکومت مہنگائی، بے روزگاری سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے میں تاحال ناکام نظر آ رہی ہے۔ تحریک انصاف بندوق کے ذریعے ملک کو یرغمال بنانے کے خلاف ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...