پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) نیب ذرائع کے مطابق اسلحہ سکینڈل کیس میں وفاقی وزارت داخلہ نے 2 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈال دئیے ہیں جن میں سابق آئی جی خیبر پی کے ملک نوید اور ٹھیکیدار ارشد مجید شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا نیب خیبر پی کے نے ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کی تھی۔ اسلحہ سکینڈل کیس میں ملزمان پر پولیس کیلئے اسلحہ، یونیفارم اور دیگر ساز و سامان کی خریداری میں ایک ارب 82 کروڑ کی کرپشن کا الزام ہے۔ علاوہ ازیں پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے اسلحہ سکینڈل کیس میں سابق آئی جی پی ملک نوید کی درخواست ضمانت سننے سے معذوری ظاہر کر دی۔ بدھ کو پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس فصیح الملک اور جسٹس اکرام اللہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سابق آئی جی پی ملک نوید کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کی جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وہ دل کے مریض ہیں اور اس وقت بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں اس لئے انہیں ضمانت دی جائے۔ کیس کی سماعت کے موقع پر چیف جسٹس فصیح الملک نے کیس کی سماعت سے معذوری کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت یہ کیس چل رہا تھا اس وقت وہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل تھے اس لئے اس کیس کی سماعت وہ نہیں کرسکتے لہذا کیس کی سماعت دوسرے بنچ سے کی جائے، کیس کی سماعت 12مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
اسلحہ سکینڈل، سابق آئی جی خیبر پی کے اور ٹھیکیدار کے نام ای سی ایل میں شامل
Mar 06, 2014