اوگرا کرپشن کیس: سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی عدالت میں حاضری سے استثنٰی کی درخواست

Mar 06, 2014

اسلام آباد (آئی این پی) احتساب عدالت میں سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی تعیناتی کے مقدمہ میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے عدالت حاضری سے استثنٰی کیلئے درخواست بدھ کو دائر کر دی۔ بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے توقیر صادق کی تقرری اور کرپشن کے مقدمہ کی سماعت کی تو اس موقع پر راجہ پرویز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے درخواست جمع کرائی کہ سکیورٹی خدشات کی بناء پر ان کے موکل عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے عدالت نے سماعت 20مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کے پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ سابق وزیر اعظم کے مستقل استثنٰی پر آئندہ سماعت پر بحث کرے۔ دریں اثناء اسلام آباد کی احتساب عدالت اوگرا کرپشن اور سابق چیئرمین توقیر صادق کی تقرری سے متعلق مقدمات کی الگ الگ سماعت کریگی۔ گزشت روز اسلام آباد کی احتساب عدالت میں اوگرا کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت وکلاء نے بتایا کہ ایف ایٹ کچہری حملہ کے باعث وکلاء کی ہڑتال ہے ، عدالت نے قرار دیا کہ اوگرا کرپشن اور توقیر صادق تقرری کیس دو الگ الگ مقدمات ہیں لہٰذا انہیں الگ الگ سنا جائے  جس کے بعد کیس کی سماعت 20 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔

مزیدخبریں