بھکر: سابق ایم این اے رشید اکبر نوانی پر قاتلانہ حملہ، محفوظ رہے

Mar 06, 2015

بھکر (نامہ نگار) سابق ایم این اے رشید اکبر خان نوانی کی گاڑی پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی دن دیہاڑے فائرنگ، بال بال بچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سابق ایم این اے رشید اکبر خان نوانی کی گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ بھکر کے وسط پیالہ چوک سے گزر رہے تھے کہ گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے 2 موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔ رشید اکبر خان نوانی کی گاڑی پر حملہ آوروں کی جانب سے 4 فائر داغے گئے خوش قسمتی سے ایم این اے رشید اکبر خان نوانی بچ گئے۔ حملہ کے بعد نامعلوم موٹر سائیکل سوار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ضلعی پولیس بھکر نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے ضلع بھر میں ناکہ بندی کر دی۔ بعد از حملہ سابق ایم این اے رشید اکبرخان نوانی نے اپنی رہائش گاہ واقع دریاخان روڈ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں کی جانب سے مجھ پر حملہ بزدلانہ کاروائی ہے ان کے اس اقدام سے میرے حوصلے کبھی پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا مجھ پر حملہ ضلعی انتظامیہ کی نااہلی ہے۔ رشیداکبر خان نوانی پر حملہ کے فوری بعد ڈی سی او بھکر محمد زمان وٹو نوانی ہائوس پہنچ گئے جبکہ کارکنان کی بڑی تعداد اپنے قائد کی خیریت دریافت کرنے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔

مزیدخبریں