کراچی (وقائع نگار) پیپلزپارٹی کی رہنما رکن سندھ اسمبلی اور وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی برائے محکمہ ثقافت شرمیلا فاروقی اور ہشام ریاض رشتہ ازدواج میںمنسلک ہو گئے۔ شادی کی پروقار تقریب گزشتہ رات کراچی کے فائیو سٹار ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ قائم علی شاہ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، سمیت وفاقی اور صوبائی حکومت کی اہم شخصیات، سرکردہ سیاست دان، ارکان پارلیمنٹ، نومنتخب سنیٹرز سمیت ملک بھر کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز اور مشہور شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پیا گھر سدھارتے وقت شرمیلا فاروقی بہت خوش تھیں لیکن رخصتی کے وقت والدہ سے گلے ملتے ہوئے دونوں کی آنکھیں بھیگ گئیں۔ کافی عرصے بعد کراچی میں کسی سیاست دان کی شادی ہوئی ہے اور اتنی بڑی تعدا د میں سیاسی شخصیات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات، کھلاڑی، شوبز کے ستارے ملک کے نامور صحافی، دانشور، فنکار، بینکار، صنعتکار، تاجر، ڈاکٹر غرض کہ ہرشعبے کی نمایاں شخصیات موجود تھیں۔ شرمیلا فاروقی کی شادی نے اسمبلیوں اور ٹی وی سکرین پر ایک دوسرے سے لڑتے جھگڑتے نظر آنے والے سیاست دانوں کو بھی ایک دوسرے کے گلے لگا دیا اور سب ہنستے مسکراتے نظر آئے۔ سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ شرمیلا فاروقی کے شوہر ہشام ریاض ایک مشہور ریٹائرڈ سرکاری افسرکے صاحبزادے ہیں اور نجی ٹی وی چینل کے سربراہ بھی ہیں۔ میڈیا میں بھی اس شادی کی زبردست کوریج ہوئی۔ شادی سے پہلے کئی دنوں تک شرمیلا فاروقی کی سہیلیوں اور فیملی فرینڈز نے مختلف فنکشن میں خوب خوشیاں مناتے ہوئے رنگ برنگے خصوصی ڈیزائن لباس زیب تن کئے۔ شادی میں ملک کے مختلف شہروں اور بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں نے بھی شرکت کی۔