سینٹ الیکشن: یعقوب ناصر کی شکست نے مسلم لیگ ن کو ملنے والی خوشی کم کردی

Mar 06, 2015

اسلام آباد (ابرار سعید/ دی نیشن رپورٹ) پنجاب اور وفاقی دارالحکومت سے سینٹ الیکشن میں سویپ کرنے سے مسلم لیگ ن کو حاصل ہونے والی خوشی کو بلوچستان میں مرکزی نائب صدر یعقوب ناصر کی شکست نے کم کردیا۔ اس نے مسلم لیگ ن کے لئے جہاں الارم کی گھنٹیاں بجا دیں بلکہ اس کے پارٹی سربراہ میاں نواز شریف کے غم و غصہ کو بھی دعوت دی ہے۔ انہوں نے پارٹی کے صوبائی سربراہ نواب ثناء اللہ زہری اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو اس شکست کے پیچھے کارفرما عوامل کی تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔ آزاد مبصرین اور ارکان پارلیمنٹ ہارس ٹریڈنگ کی روایت رکھنے والے صوبہ میں مسلم لیگ ن کی جانب سے اپنائی گئی ناقص حکمت عملی کے باعث سردار یعقوب ناصر کی شکست کی پیشگوئی کررہے تھے۔ پارٹی کے بعض اندرونی حلقے اس کی ذمہ داری ثناء اللہ زہری اور خواجہ سعد رفیق کے سر تھوپ رہے ہیں جو پارٹی کی اندرونی چپقلش دور نہ کراسکے۔ بعض پارٹی رہنما شکست کو غلط ٹکٹ دینے سے تعبیر کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں کلثوم پروین کو ٹکٹ دینے کا حوالہ دیا جارہا ہے جس نے پارٹی رہنمائوں میں ناراضی پیدا کی اور اس کا یہ نتیجہ سامنے آیا۔ مسلم لیگ ن کے ذرائع نے دی نیشن کو بتایا کہ اتحادی جماعتوں نیشنل پارٹی اور پختونخواہ ملی عوامی پارٹی سے کوارڈینیشن مایوس کن رہا۔ یہ بھی مسلم لیگ ن کی کمزور کارکردگی کی وجہ ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق پارٹی میں انتشار کی کیفیت مزید دھچکوں کا باعث بن سکتی ہے۔

مزیدخبریں