پشین: چیک پوسٹ پر حملہ، اے ایس آئی شہید، بنوں، کھلونا بم پھٹنے سے بچہ جاں بحق

پشن/ بنوں/ پشاور/ اسلام آباد (نامہ نگار+ بیورو رپورٹ+ بی بی سی+ این این آئی) پشین میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں اے ایس آئی شہید ہوگیا۔ بنوں میں کھلونا بم پھٹنے سے ایک بچہ جاں بحق، دوسرا زخمی ہوا۔ پشاور اور اسلام آباد میں ایک دہشت گرد اور درجنوں مشتبہ افراد گرفتار کرلئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پشین میں پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ حملہ پشین شہر کے علاقے غرشینان میں پیش آیا۔ اہلکار نے بتایا کہ اس علاقے میں ایک چیک پوسٹ پر پولیس اہلکار موجود تھے جس پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔ اس حملے کے نتیجے میں پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپیکٹر علی احمد ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس اہلکار کے مطابق چیک پوسٹ پر موجود اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور زخمی ہوا لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس حملے کے محرکات تا حال معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری طرف بنوں میریان میںکھلونا بم پھٹنے سے شمال وزیرستان کا 8 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 7 سالہ بچہ زخمی ہو گیا۔ بلوچستان کے ضلع پشین میں تھانہ میریان کی حدود میں واقع خنی کلہ میں نہر سے بچوں کو کھلونا بم ملا۔ جونہی بچوں نے بم اٹھایا تو زوردار دھماکہ ہوگیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 8 سالہ موسیٰ خان بارودی مواد کانشانہ بن کر جاں بحق ہو گیا جبکہ سات سالہ زردان زخمی ہوگیا۔ دوسری طرف محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے مبینہ دہشت گرد کو دستی بم سمیت گرفتار کر لیا ہے جسے مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی پشاور کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق گزشتہ روز خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران دہشت گرد رسول قدیر ولد بختیار سکنہ ممباتی بارکزئی ضلع بنوں کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے ایک ہینڈ گرینیڈ برآمد کر لیا۔ دریں اثنا پشاور پولیس سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران 17 افغان مہاجرین سمیت درجنوں جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میںاسلحہ اور کارتوس برآمد کر لئے جبکہ گھر گھر تلاشی کے دوران تحفظ مکانات ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر 16 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ مزید براں اسلام آباد میں پولیس‘ رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے آبپارہ مارکیٹ میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران 9 ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ایک خاتون سمیت 12 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ زیرحراست افراد سے تھانہ آبپارہ میں مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...