اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ایف بی آر میں منعقدہ اجلاس میں ٹیکس ریفارمز کمشن کی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ دریں اثناء ایک دوسرے اجلاس میں پی آئی اے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ایف بی آر میں منعقدہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ٹیکس کولیکشن کے عمل کی کارکردگی کو بڑھانے اور دوستانہ بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ ٹیکس اصلاحات کمشن اس مقصد کے تحت قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سفارشات پر عملدرآمد کیلئے کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ اس سے قبل کمشن اور کمیٹیوں کی سفارشات پر عمل درآمد کا اعلان ہو جاتا تھا مگر اس کی نگرانی نہیں کی جاتی تھی تاہم اب حکومت عملدرآمد پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ پی آئی اے کی کارکردگی کے بارے میں اجلاس میں سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الٰہی نے پی آئی اے کی موجودہ معاشی صورتحال کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے پی آئی اے کی فوری مالی ضروریات کے متعلق بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے آپریشن نقصانات کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے آپریشنل نقصانات کو کم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سخت مالیاتی نظم و ضبط اور بہترین انتظامات سے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ پی آئی اے کی تنظیم نو کے لئے مسلسل کوشش کی جائے۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس‘ ٹیکس ریفارمز کمشن کی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ
Mar 06, 2016