کراچی (این این آئی) سابق ایم این اے نبیل گبول نے کہا ہے کہ مصطفی کمال الطاف حسین کے بعد ایم کیو ایم کی قیادت سنبھال سکتے ہیں اگر سکیورٹی دی جائے تو ایم کیو ایم کو کئی لوگ چھوڑنے کے لئے تیار ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوںنے کہاکہ مصطفی کمال مستقبل میں ایم کیو ایم کی قیادت سنبھال سکتے ہیں۔ نبیل گبول کے مطابق الزامات انتہائی سنگین ہیں، بیس سال تک ’’را‘‘ کی فنڈنگ والی جماعت کو برداشت کرتے رہے، اب وزیراعظم نواز شریف کو چاہیے کہ وہ تحقیقات کیلئے فوری طور پر کمشن قائم کریں۔ سابق ایم این اے نبیل گبول نے عندیہ دیا کہ وہ‘ عشرت العباد، مصطفی کمال اور شیخ رشید مستقبل میں اکٹھے بیٹھ سکتے ہیں۔ نبیل گبول نے الیکشن کمشن سے بھی مطالبہ کیا کہ اتنے سنگین الزامات کے بعد فوری ایکشن لے اور ’’را‘‘ سے فنڈ حاصل کرنے والی سیاسی جماعت کو بین کر دے۔