خطے میں استحکام کے لئے امن عمل کی حمایت کرتے ہیںغ اوباما، امریکی کوششیں قابل قدر ہیں: اشرف غنی

Mar 06, 2016

کابل/ واشنگٹن (آئی این پی) امریکی صدر بارک اوباما اور افغان ہم منصب ڈاکٹر اشرف غنی کے درمیان ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنمائوں نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر اوباما کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان سمیت خطے میں استحکام کیلئے امن عمل کی حمایت کرتا ہے۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق امریکی صدر اوباما نے افغان ہم منصب اشرف غنی سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وائٹ ہائوس سے جاری اعلامیے کے مطابق ویڈیو کانفرنس کے دوران صدر اوباما نے طالبان کے ساتھ مفاہمتی عمل اور پڑوسی ممالک کے ساتھ علاقائی تعاون پر افغان صدر اشرف غنی کے کردار کو سراہا۔ صدر اوباما کا کہنا تھا کہ افغانستان سمیت خطے کے استحکام کے لئے امریکہ مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن عمل کے آگے بڑھنے سے ہی خطے میں موجود کشید گی کو کم کیا جا سکتا ہے۔ افغان صدر اشرف غنی نے بتایا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلے امریکی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

مزیدخبریں