غزہ کو الگ ریاست نہیں بنا رہے‘ پورا فلسطین آزاد کرائینگے: محمود الزھار

غزہ (این این آئی) حماس کے مرکزی رہنما و سابق وزیر خارجہ ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا ہے کہ ان کی جماعت غزہ کی پٹی کو ایک الگ ریاست نہیں بنا رہی بلکہ پورے وطن کو آزاد کرایا جائے گا۔ فلسطینی عوام کی قربانیاں جلد رنگ لائینگی اور غاصب فلسطین کا چپہ چپہ چھوڑنے پر مجبور ہوگا۔ غزہ کی پٹی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الزھار نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دنیا کی بڑی طاقتیں صہیونیوں کی مادی اور معنوی مدد کررہی ہیں۔ امریکہ میں جمع ہونے والی صہیونیوں کی دولت فلسطینیوں کے قتل عام کیلئے استعمال کی جاتی ہے مگر فلسطینی قوم اپنے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے فلسطینیوں کو دھوکہ دیا گیا، ان سے جھوٹ بولا گیا، گمراہی پھیلائی گئی اور کذب بیانی کے ذریعے فلسطینیوں کے گرد گھیرا تنگ کیا گیا مگر اس کے باوجود فلسطینی قوم نے دشمن کے سامنے گھٹنے ٹیکنے سے انکار کردیا۔

ای پیپر دی نیشن