سیالکوٹ (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر دفاع، پانی وبجلی خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے مسلم لیگ کے مرکزی رابطہ آفس پیرس روڈ سیالکوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں شہریوں نے وزراء کو مختلف محکموں کے متعلق شکایات اور مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ ایم پی اے چوہدری محمد اکرام، میئر توحید اختر، یوسی چیئرمین محمود الحسن بابر خاں، چیئرمین بیت المال نبیل خالد لون، چیئرمین زکوۃ و عشر کمیٹی میاں سہیل اقبال، ڈی ایس پی سٹی طارق سکھیرا، چیف میونسپل آفیسر ظفر قریشی، نصرت جمشید، میاں اشفاق، محمد فاروق گھمن، سید شبیر گیلانی، عثمان وائیں ، مرزا اکرم اورکاشف نیازکے علاوہ کثیر تعداد میں مسلم لیگی عہدیدار اور کارکن بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا سرکاری افسر عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں اور ان کی شکایات کے ازالہ کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا سرکاری ملازمین عوامی خدمت کو شعار بنائیں اور اس سلسلہ میں غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے۔ صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے میونسپل کارپویشن سیالکوٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کریں اور سیوریج کی لائنوں اور نالوں کی ڈی سلٹنگ کی جائے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے انعقاد کا اقدام احسن ہے، قوم جوش و خروش کے ساتھ پی ایس ایل دیکھنے جا رہی ہے، حکومت اور قوم دہشت گردی کی دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں۔ پاکستانی قوم زندہ قوم ہے جو ہر قسم کی مشکلات کا مقابلہ کرنا جانتی ہے، دشمنوں کی کوئی سازش ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتی۔