کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر سے قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق‘ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ اور گورنر خیبر پختونخواہ ظفر اقبال جھگڑانے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں جاری صورتحال ‘ سینیٹ انتخابات ‘ جمہوری تسلسل‘ مقننہ و انتظامی ذمہ داریوں‘ معاشی استحکام اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ملک کے اعلیٰ قانون ساز ادارہ سینیٹ کے انتخابات سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ پاکستان میں جمہوریت ماضی کی نسبت آج بہت مستحکم اور تسلسل سے جاری ہے‘ اختلاف جمہوریت کا حسن ہے اختلاف برائے اصلاح سے ہی جمہور کی بہتر خدمت اور جمہوری ثمرات عام آدمی تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہے۔ ملاقات میں گورنر سندھ نے کہاکہ حکومت پورے ملک میں یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے اس ضمن میں صوبہ کے متعدد اضلاع میں وفاقی فنڈ ز سے ترقیاتی کام جاری ہیں‘ کراچی ترقیاتی پیکج سمیت وفاق معاشی شہ رگ کراچی کی ترقی کےلئے 75 ارب روپے کی خطیر رقم سے میگا پروجیکٹس کی تکمیل یقینی بنارہی ہے ‘ حال ہی میں طویل عرصہ سے التواءکے شکار منصوبہ لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر موجودہ حکومت نے ہی مکمل کرائی ‘گرین لائن منصوبہ دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے جس کی تکمیل سے شہریوں کو جدید سہولتیں میسر آ سکیں گی۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ وفاقی تعاون سے سماجی شعبہ کی ترقی ممکن ہوئی‘ غیر ملکی سرمایہ کاری کے تسلسل سے اضافہ ‘ صنعتی فعالیت اور تجارتی سرگرمیوں کے باعث لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہو رہے ہیں ۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہاکہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کےلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سے لوگوں کا جمہوریت پر اعتماد میں مزید مستحکم ہو رہا ہے۔
گورنروں کی ملاقات