لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے بعدسرگودھا کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار کی کامیابی خدمت، دیانت اور شفافیت کی سیاست کی فتح ہے اور ہماری پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ کامیاب امیدوار یاسر ظفر سندھو اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لودھراں کے بعد سرگودھا کے ضمنی الیکشن کے نتائج نے بھی یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام مسلم لیگ(ن) کی قیادت اورپالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔پاکستان کے باشعور عوام نے ضمنی انتخابات میں جھوٹ اور الزامات کی منفی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا دیا ہے اور لودھراں کے بعد سرگودھا میں بھی منفی احتجاج، انتشار اوردھرنوں کی سیاست کرنیوالوںکو شکست فاش ہوئی ہے اور ضمنی انتخابات کے نتائج، انتشاراور منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے ۔عوام نے منفی سیاست کرنے والوں کومسترد کرکے واضح پیغام دیا ہے کہ ملک میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ(ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہر الیکشن میں سرخرو کیا ہے۔ پاکستان کے عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے متمنی ہیں اور حالیہ ضمنی انتخابات نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کو جاری و ساری دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) مثبت سیاست کے باعث ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔ الزامات کی گرد اڑانے والوں کو ماسوائے ندامت کے کچھ نہیں ملے گا اور آئندہ عام انتخابات میں بھی عوام ووٹ کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کی توثیق کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے وفا عوام کے دلوں میں رچی بسی ہے اور عملی اقدامات کے باعث مسلم لیگ (ن) کو عوام میں والہانہ پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی فلاح و بہبود اور بلند معیار زندگی مسلم لیگ (ن) کی ترجیح ہے اور خدمت کا پھر موقع ملنے پر عام آدمی کے وقار اور معیار زندگی میں اضافے کے حامل منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہار دھرنوں اور احتجاجی سیاست کرنے والوں کا مقدر بن چکی ہے اور تبدیلی محض نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے آتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے عملی اقدامات ملک کی ترقی اور سربلندی کے ضامن ہیں اور یہی حقیقی تبدیلی ہے۔بے بنیاد الزامات اور منفی سیاست عوامی خدمت نہیں اور ہمیشہ مثبت رویہ ہی عوام کی خدمت اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کا باعث بنتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تبدیلی کے نام نہاد عویداروں کے پاس عوام کو اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہیں۔ نیازی صاحب نے 5 سال دھرنوں، لاک ڈائون اور الزامات کی سیاست کی نذر کئے۔ عمران نیازی نے اپنے صوبے کے عوام کی خدمت کی بجائے پنجاب میں بھی ترقی کے عمل میں رکاوٹیں ڈالیں اور عوام ایسے عناصر کو ہرگز معاف نہیں کریں گے جنہوں نے صرف اور صرف قوم کا وقت برباد کیا۔
بے بنیاد الزامات اور منفی سیاست عوامی خدمت نہیں،شہبازشریف
Mar 06, 2018