لاہور (آن لائن)لاہور کی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ اور شریک ملزم شاہد شفیع کو15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔احد چیمہ اور شریک ملزم شاہد شفیع کو نیب کی جانب سے سخت سکیورٹی اور ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا،تفتیشی افسر نے تفتیش کی ابتدائی رپورٹ عدالت میں پیش کی،تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ احد خان چیمہ کے 2 موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کو فرانزک ٹیسٹ کےلئے بھجوایا ہے،احد چیمہ نے کروڑوں روپے کی32 کینال ارضی اپنے اور بہن بھائی کے علاوہ معمولی قیمت پرکزن کے نام کی ،عدالتی استفسار پر پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کا کام غریب عوام کو گھر بنا کر دینا تھا مگر آشیانہ اقبال میں ایک بھی گھر نہیں بنا زمین ابھی تک خالی پڑی ہے،انہوں نے عدالت کو بتایا کہ احد چیمہ کی بہن،بھائی اور کزن کو بھی نوٹسز جاری کئے گئے ہیں مگر وہ نیب کے روبرو پیش نہیں ہو رہے،انہوں نے بتایا کہ آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کے فارم غریب عوام کو 6 کروڑ روپے میں فروخت کئے گئے جبکہ سرکاری خزانے سے 19 کروڑ کی ادائیگیاں کر کے خزانے کو نقصان پہنچایا گیا،انہوں نے استدعا کی کہ دونوں ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے لہٰذا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جائے،جس پرعدالت نے احد چیمہ اور شریک ملزم شاہد شفیع کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
احد چیمہ‘ تفتیشی