کراچی (صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) بحری مشق رباط کے دوران پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے لانگ رینج اینٹی شپ میزائل کی فائرنگ کا کامیاب تجربہ کیا گیا، جسے آپریشنل صلاحیتوں میں اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے پی این ایس نصر سے میزائلوں کی فائرنگ کا مظاہرہ دیکھا جسے آپریشنل صلاحیتوں میں اہم کامیابی قرار دیا گیا۔ میزائل JF-17 تھنڈر ائر کرافٹ اور پاک بحریہ کے F-22P فریگیٹ پی این ایس سیف سے فائر کئے گئے۔ پی این ایس سیف نے سطح سمندر سے سطح سمندر پر مار کرنے والا میزائل C-802 فائر کیا جبکہ پاک فضائیہ کے JF-17 تھنڈر نے ہوا سے سطح سمندر پر مار کرنے والا میزائل C-802AK فائر کیا۔ دونوں پلیٹ فارمز سے فائر کئے گئے ان اینٹی شپ میزائلوں نے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحیرہ عرب میں میزائل فائرنگ کا یہ تجربہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر جوانوں سے خطاب میں امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ بعدازاں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے مشترکہ فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا گیا ۔
کامیاب تجربہ