اسلام آباد (این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس تین ہفتے بعد بھی سینئر اینکر پرسن اور ریڈیو ٹی وی کے نیوز کاسٹر عامر ہاشمی کے گھر چوری میں ملوث ملزمان کا سراغ نہ لگا سکی ۔ پیر کو زیڈ ٹی بی ایل آفیسرز کالونی جی سیون ٹو اسلام آباد کے رہائشی سینئر اینکر پرسن اور براڈ کاسٹر عامر ہاشمی نے بتایا کہ ہماری غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور چھت کے راستے ٹیرس میں داخل ہوئے اور دروازہ توڑ کر گھر کے اندر گھس گئے ٗ کمروں کی الماریوںکے تالے توڑ کر تین لاکھ ر وپے سے زائد نقدی اور18تولے سونا کے زیورات لے اڑے ۔انہوںنے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع پڑوسیوں نے 15پر دی جس کے بعد فورنزک ٹیم اور تھانہ آبپارہ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور فنگر پرنٹس اور ضروری معلومات حاصل کیں ۔انہوںنے بتایا کہ تھانہ آبپارہ میں اسی رات ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی تاہم تین ہفتے گزرنے کے باوجود تھانہ آبپارہ اور اسلام آباد کی پولیس چوروں کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ۔