اسلام آباد، کوٹلی (این این آئی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ منحوس خونی لکیر کے قریب بسنے والے غیور،دلیر لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جوپاک فوج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں وہ وقت جلد آئے گا جب سرینگر میں اپنے بھائیوں سے جا کر ملیں گے پاک فوج کے دندان شکن جواب سے مودی بوکھلا گیا ہے اگر آزادکشمیر کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی بھی کوشش کی تو ایسا سبق سکھائیں گے اس کی نسلیں یاد رکھیں گی لائن آف کنٹرول پر بسنے والے لوگوں کی مشکلات کا احساس ہے آج لوگوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ ہمیں دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی گوئی کے مسائل کا حل اب میری ذمہ داری ہے علاقے کی پسماندگی کے دن گنے جا چکے ہیں حلقہ 1کوٹلی میں ملک یوسف میرا نمائندہ ہے ان کو ووٹ دینے والوں کے مسائل کے حل کی ذمہ داری میری ہے لائن آف کنٹرول کے لیے نئی ایمبولینسز خریدنے کے ساتھ ساتھ 40 ایمبولینسز کی مرمت کی جا رہی ہے RHCمیں کئی آسامیاں دیں گے بجلی کے ٹرانسفارمر فوری طور پر نصب کیے جائیں راج محل کی اپنی تاریخ رہی ہے جلد بلدیاتی انتخابات کرائیں گے جس میں نوجوانوں کی بھرپور نمائندگی ہو گی عوامی مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ 1کوٹلی لائن آف کنٹرول کے نزدیکی علاقے گوئی میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا جلسے کی صدارت سابق امیدوار حلقہ ملک محمد یوسف نے کی جبکہ جلسہ عام سے وزیرتعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز ،وزیر مال فاروق سکندر ،وزیر تعلیم بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی ،ممبر اسمبلی راجہ نصیر احمد خان ،ملک ذوالفقار ،ملک الیاس اور دیگر نے بھی خطاب کیا جلسہ گاہ آمد پر بینڈ باجوں،ڈھول کی تھاپ اور پرجوش نعروںسے استقبال کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر کی ملاقات ،ملاقات کے دوران لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بھارت کی طرف سے ایل او سی پر سویلین آبادی کو نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کا دفاع نا قابل تسخیر ہاتھوں میں ہے دفاع وطن کے لیے پوری قوم ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہے ۔ ایل او سی کے جرات مند عوام بھارتی جارحیت کے سامنے سینہ سپر ہیں اور وہ بھارت کے مذموم مقاصد پورے نہیںہونے دیں گے ۔وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان سے وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے جموں وکشمیر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں دوتہائی اکثریت مسلم لیگ ن کے اتحاد و یگانگت اور محمد نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے ، مسلم لیگ ن کو توڑنے کی باتیں کرنے والے خود خیبر پی کے میں اپنے ممبران ایم پی ایز کی حمایت سے محروم رہے ۔ وفاقی وزیر نجکاری دانیال عزیز نے کہا کہ آزادکشمیر میں راجہ محمدفاروق حیدرخان کی قیادت میں قائم مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی مثالی ہے۔
خونی لکیر کے قریب بسنے والے غیور‘ دلیر عوام کو سلام کرتا ہوں: راجہ فاروق
Mar 06, 2018