اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سپریم کورٹ نے الیکشن کمشن کو دوہری شہرت رکھنے والے 4 نومنتخب سینیٹرز کی کامیابی پر نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے۔ ان ارکان میں تحریک انصاف کے چودھری سرور بھی شامل ہیں جبکہ دیگر سینیٹرز میں مسلم لیگ ن کی سعدیہ عباسی، ہارون اختر اور نزہت صادق شامل ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ جن لوگوں نے قانون بنانا ہے ان کی دوہری شہریت ہے۔ عدالت نے 43 ڈویژنز اور وزارتوں کے سیکرٹریز کو طلب کرلیا۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سپریم کورٹ نے چاروں سینیٹرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی وہ دوہری شہریت سے متعلق اپنے آپ کو پہلے سپریم کورٹ میں کلیئر کریں۔ عدالت نے قرار دیا کیس کی آئندہ سماعت 8 مارچ کو سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں ہوگی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمشن نے بتایا چار سینیٹرز کی دوہری شہریت ہے۔ چیف جسٹس نے چاروں سینیٹرز کو وضاحت کیلئے طلب کرلیا۔ سپریم کورٹ میں دوہری شہریت ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے سوال کیا کتنے سینیٹرز دوہری شہریت رکھتے ہیں۔ اٹارنی جنرل نے کہا 4 نومنتخب سینیٹرز کی دوہری شہریت ہے۔ انہوں نے کہا چودھری سرور، ہارون اختر، نزہت صادق، سعدیہ عباسی کی دوہری شہریت ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بلوچستان سے منتخب ہونے والے دو سینیٹرز احمد خان اور صادق سنجرانی نے پی ٹی آئی کے رہنما یار محمد رند سے ملاقات کی۔ یار محمد رند نے دونوں سینیٹرز کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی دعوت دی۔ پی ٹی آئی پارٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان سے کامیاب 4 سینیٹرز جلد عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ اسلام آباد سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعتوں جمعیت علماء اسلام (ف)، نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی و دیگر قومیت پرست جماعتوں کا مشترکہ اجلاس قائد ایوان راجہ ظفرالحق کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں پوسٹ سینٹ الیکشن کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اسلام آباد (آن لائن) میاں رضا ربانی نے کہا ہے رواں سیشن 9 مارچ تک چلے گا، 12 مارچ کو صدر مملکت نیا سیشن طلب کریں گے جس میں نو منتخب ارکان کا حلف ہوگا اور چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب بھی ہوگا۔ ایوان بالا کے اجلاس کے دوران چیئرمین سینٹ نے بتایا یہ الوداعی سیشن ہے جس میں آئندہ تین چار دن کے دوران وقفہ سوالات نہیں ہوگا اور ریٹائرڈ ہونے والے ارکان کو بات کرنے کا زیادہ موقع دیا جائیگا۔ کل گروپ فوٹو کیلئے ارکان جمع ہونگے۔لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق تحر یک انصاف کے نومنتخب سینیٹر چوہدری محمدسرور اپنی بر طانیہ کی شہریت چھوڑنے کا ثبوت سامنے لے آئے، شہر یت چھوڑ نے کے حوالے سے یو کے بارڈر ایجنسی کی جانب سے جاری لیٹر میڈیا کو جاری کر دیا۔ اعلامیہ کے مطابق چوہدری محمد سرور نے 2 جولائی 2013 کو بر طانوی بارڈر ایجنسی کو اپنی بر طانیہ کی شہر یت چھوڑ نے کی درخواست دی جسکے بعد 18 جولائی 2013 کو بر طانوی بارڈر ایجنسی نے چوہدر ی محمدسرور کی شہر یت ختم کر نے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ چوہدری محمدسرور نے کہامیرے پاس صرف پاکستان کا پاسپورٹ اور پاکستان کی شہر یت ہے۔ سپر یم کورٹ ثبوت مانگے یا مجھے بلائے میں اسکے لیے تیار ہوں۔ آن لائن کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے الیکشن کمیشن کی طرف سے دہری شہریت کے حامل 4سینیٹرز کی رکنیت منسوخ کرنے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹیوٹر پر وضاحت کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ ن کی نزہت صادق کی دہری شہریت کی اطلاع غلط ہے۔ انہوں نے امریکی شہریت 2012میں ترک کردی تھی۔ سینیٹر ہارون اختر کینیڈین شہریت 2011میں چھوڑ چکے ہیں جبکہ سعدیہ عباسی نے دہری شہریت کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے پہلے چھوڑ دی ہے۔ سعد رفیق نے الزام لگایا آصف علی زرداری نے سندھ میں ایم کیو ایم کے ووٹ خریدے، پیپلز پارٹی کے صرف 5ووٹ تھے پھر بھی خیبر پی کے میں سینٹ کی 2نشستیں کیسے لے گئی۔