واشنگٹن(آن لائن‘ این این آئی) امریکہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے پاکستان کے ساتھ تعاون کو بہتر بنانے کے اشارے کے بعد پینٹاگون کی جانب سے اسلام آباد کو یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ جنوبی ایشیائی خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک اہم موڑ تک پہنچ چکی ہے اور اس موقع کا استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں کو شکست دینی چاہیے۔واشنگٹن میں پینٹاگون چیف کی ترجمان ڈانا ڈبلیو وائٹ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ ’پاکستان کے حوالے سے ہم یہ یقین رکھتے ہیں کہ وہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان مزید کام (ڈو مور) کرسکتا ہے۔ یہ ایک اہم موڑ ہے اور پاکستان کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ مزید اقدام کرے کیونکہ وہ دہشت گردی سے متاثر ہے لہٰذا ہم ان کے ساتھ کام جاری رکھنا چاہتے ہیں اور دیکھنا چاہتے ہیں کہ کہاں مواقع دستیاب ہیں۔‘بریفنگ کے دوران افغان حکومت کی جانب سے طالبان کو مذاکرات کی دعوت پر پاکستان کے خیر مقدم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ طالبان کو دہشت گردی اور تشدد کو ترک کرنا ہوگا اور افغانستان کے آئین کی حمایت کرنی ہوگی۔