لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے بعد سرگودھا کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار کی کامیابی خدمت، دیانت اور شفافیت کی سیاست کی فتح ہے اور ہماری پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ کامیاب امیدوار یاسر ظفر سندھو اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا کہ لودھراں کے بعد سرگودھا کے ضمنی الیکشن کے نتائج نے بھی یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ باشعور عوام نے ضمنی انتخابات میں جھوٹ اور الزامات کی منفی سیاست کرنیوالوں کو آئینہ دکھا دیا ہے۔ منفی احتجاج، انتشار اور دھرنوں کی سیاست کرنیوالوں کو شکست فاش ہوئی ہے اور ضمنی انتخابات کے نتائج، انتشار اور منفی سیاست کرنیوالوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔ عوام نے منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کرکے واضح پیغام دیا ہے کہ ملک میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کی بدولت عوام نے اسے ہر الیکشن میں سرخرو کیا ہے۔ پاکستان کے عوام ملک کی ترقی اور خوشحالی کے متمنی ہیں اور حالیہ ضمنی انتخابات نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کو جاری و ساری دیکھنا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) مثبت سیاست کے باعث ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔ الزامات کی گرد اڑانے والوں کو ماسوائے ندامت کے کچھ نہیں ملے گا اور آئندہ عام انتخابات میں بھی عوام ووٹ کے ذریعے مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کی توثیق کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) سے وفا عوام کے دلوں میں رچی بسی ہے اور عملی اقدامات کے باعث مسلم لیگ (ن) کو عوام میں والہانہ پذیرائی مل رہی ہے۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود اور بلند معیار زندگی مسلم لیگ (ن) کی ترجیح ہے اور خدمت کا پھر موقع ملنے پر عام آدمی کے وقار اور معیار زندگی میں اضافے کے حامل منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ ہار دھرنوں اور احتجاجی سیاست کرنے والوں کا مقدر بن چکی ہے اور تبدیلی محض نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے آتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے عملی اقدامات ملک کی ترقی اور سربلندی کے ضامن ہیں اور یہی حقیقی تبدیلی ہے۔ بے بنیاد الزامات اور منفی سیاست عوامی خدمت نہیں اور ہمیشہ مثبت رویہ ہی عوام کی خدمت اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کا باعث بنتا ہے۔ خدمت کو عبادت کا درجہ دے کر ہی عوام کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔ میرا دل عوام کیساتھ دھڑکتا ہے اور میں ہمیشہ عوام کی خدمت میں پیش پیش رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تبدیلی کے نام نہاد عویداروں کے پاس عوام کو اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے کچھ نہیں۔ نیازی صاحب نے 5 سال دھرنوں، لاک ڈائون اور الزامات کی سیاست کی نذر کئے۔ عمران نیازی نے اپنے صوبے کے عوام کی خدمت کی بجائے پنجاب میں بھی ترقی کے عمل میں رکاوٹیں ڈالیں اور عوام ایسے عناصر کو ہرگز معاف نہیں کریں گے جنہوں نے صرف اور صرف قوم کا وقت برباد کیا۔ شہباز شریف نے گوجرخان اور چکوال میں ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع، سی ایم سٹرٹیجک ریفارمز یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل سلمان صوفی کے کزن و سابق صدر فلور ملز ایسوسی ایشن ڈاکٹر بلال اسلم صوفی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ضمنی انتخابات، عوام نے جھوٹ اور الزام مسترد کر دیا، عمران نے پنجاب کی ترقی میں بھی رکاوٹ ڈالی: شہباز شریف
Mar 06, 2018