اسلام آباد (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ضمنی ریفرنس میں عدالت نے نامزد تین ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ 12مارچ مقرر کردی ہے۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ضمنی ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر نامزد تین ملزم سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضوی عدالت کے روبرو پیش ہوئے جن پر اسحاق ڈار کے لئے بدعنوانی کرنے کا الزام ہے۔سماعت کے دوران نیب کی جانب سے تینوں ملزمان کو ریفرنس کی 30،30جلدیں فراہم کی گئیں۔ نامزد ملزم سعید احمد خان کے وکیل حشمت حبیب ایڈووکیٹ نے اعتراض اٹھایا کہ فرد جرم عائد ہونے میں کافی رکاوٹیں ہیں۔ ریفرنس کے جائزے کے لیے وقت دیا جائے۔واضح رہے کہ عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب کی جانب سے دائر اثاثہ جات ریفرنس میں 26فروری کو ایک ضمنی ریفرنس سماعت کے لیے منظور کیا تھا۔ نیب نے ضمنی ریفرنس میں 3نئے ملزمان اور 24نئے گواہان شامل کیے ہیں۔