فوج دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار، وہ کونسا ملک ہے جس نے پاکستان کیخلاف سازش نہ کی ہو:آرمی چیف

Mar 06, 2018

کوئٹہ (بیورو رپورٹ)چیف آف آر می سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ یہ ملک بنا ہے قائم رہنے کے لئے، اس کی فولادی حیثیت ہے، پاک فوج ملک کا ضامن اور دشمن کے آگے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی ہوئی ہے۔ اس ملک کے ایک ایک انچ کا تحفظ کرنا ہم جانتے ہیں۔ آج دنیا کا وہ کونسا ملک نہیں ہے کہ جس نے پاکستان کے خلاف سازش نہیں کی ہو لیکن الحمد للہ افواج پاکستان نے قوم کے تعاون سے ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے، بلوچستان کا ایک ایک انچ اتنا مقدس ہے جتنا پاکستان کے دیگر حصے مقدس ہیں، ہمارے لئے بلوچستان کی ساری اکائیاں برابر ہیں۔ بلوچستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے، سی پیک بن رہا ہے جس سے سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کے عوام کو ملے گا، یہاں سے قومی شاہراہیں گزریں گی۔ خضدار ہوشاب والی شاہراہ کو آواران تک بڑھائیں گے۔ میں اور وزیراعظم خود آکر اس شاہراہ کا افتتاح کریں گے، آواران ہسپتال کو سات کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھائو میں کیڈٹ کالج کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، جی او سی 43میجر جنرل انعام حیدر ملک، میجر مرتضیٰ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر کورکمانڈر سدرن کمانڈ جنرل عاصم سلیم باجوہ ، قبائلی عمائدین سیاسی زعماء و دیگر بھی موجود تھے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں سہولتوں اور امن کی فراہمی کا خواب پورا ہوگیا۔ ملک کے خلاف پہاڑوں پر جانے والے بھٹکے ہوئے لوگ ہیں یہ واپس آئیں اور ملک و قوم کی خدمت میں حصہ لیں لیکن جو دہشت گرد ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ وہ پاکستان کا نقصان کرسکتے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے۔ پاک فوج ایسے لوگوں کے آگے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی ہوئی ہے۔ ایسا کونسا ملک نہیں ہے جس نے پاکستان کے خلاف سازش نہیںکی اور یہاں دہشت گردی نہیں کی ہو لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا چونکہ آپ کے پاس ایک بہادر فوج ہے جو ملک کی حفاظت کرنا اچھی طرح سے جانتے ہیں، میں خود بلوچ رجمنٹ سے ہوں میرا والد بلوچ رجمنٹ سے تھا میرے اندر بلوچستان کا خون دوڑتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔ لوگوں کو بلوچستان میں کافی خدشات ہیں سی پیک کے حوالے سے میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ کیا سی پیک گوادر کے بغیر مکمل ہوسکتا ہے بالکل نہیں ہے، سی پیک کا اختتام آپ کے پاس بلوچستان کے پاس ہے تو سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ آپ کو پہنچے گا، کوئی آپ کا حصہ غصب نہیں کرسکتا ہے، بلوچستان آپ کا ہے دو سال کے بعد یہ کیڈ ٹ کالج بنے گا آج سے اپنے بچوں کی تعلیم پر کوشش کریں تاکہ ان کا معیار بہتر ہو وہ اس کیڈٹ کالج میں داخلہ لے سکیں۔ بلوچستان میں بہت زیادہ کام ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب 1980میں کمیشن لینے کوئٹہ آیا تو فوج میں بلوچوں کی تعداد انگلیوں پر گنے جاسکتے تھے آج 8سو آفیسرز فوج میں ہیں جب کہ پچیس ہزار سے زائد جوان پاک آرمی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ اور بہت جلد دو ہزاربلوچ آفیسرز ۔سعودی پاک فوج میں ہونگے اور چالیس سے پینتالیس ہزار بلوچ جوان پاک آرمی میں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا طرزپر ہم بلوچستان میں فلاح بہبود پر کام کرنا چاہتے ہیں سعودی عرب قطر یو اے ای نے مالی معانت کرنا چاہتے ہیں۔ آرمی چیف نے دورہ تربت کے دوران تربت بلیدہ روڈ کی تعمیر کا افتتاح بھی کیا۔

مزیدخبریں