صحافی جمال خشوگی کی لاش کو 3دن تک بڑے اوون میں جلایا گیا‘الجزیرہ کا دعویٰ

دوحا(آن لائن)غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خشوگی کی لاش کو 3 دن تک ایک بڑے اوون میں جلا کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کیا گیا بعد ازاں راکھ ٹھکانے لگادی گئی۔قطر ی نشریاتی ادارے الجزیرہ نے صحافی جمال خاشقجی کے ترکی کے سعوی قونصل میں پْراسرار قتل پر ایک تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ صحافی کی لاش کو ایک بڑے اوون میں جلانے کے بعد لاش کیراکھ کو ٹھکانے لگا دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق الجزیرہ نے سعودی قونصل خانے میں ’فرنس‘ تعمیر کرنے والے مزدور سے گفتگو کی ،جس میں انکشاف ہوا کہ اس فرنس میں ہزار ڈگری سینٹی گریڈ تک کا درجہ حرارت ہو سکتا ہے جو کسی بھی دھات کو پگھلانے کے لیے کافی ہے۔رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا کہ سعودی قونصل خانے سے صحافی کے جسم کے کچھ ذرات بھی ملے ہیں اور تحقیقات سے اندازہ ہوتا ہے کہ صحافی کی لاش کو مکمل طور پر جلنے میں 3 دن لگے ہوں گے۔قبل ازیں صحافی جمال خاشقجی کی لاش کے ٹکڑوں کو خطرناک کیمیکل اور تیزاب میں پگھلا کر ضائع کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا ،تاہم تمام تر تحقیقات کے باوجود اب تک صحافی کے قتل کے طریقہ کار اور لاش کو ڈھونڈا نہیں جاسکا۔

ای پیپر دی نیشن