لاہور( کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) اور ویمنز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بہاولپور کے باہمی اشتراک سے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میںخصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں اخوت فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب اور سارک چیمبر کے سینئر نائب صدر افتخار علی ملک نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پرتقریب کے مہمان خصوصی ا خوت فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہاکہ اخوت یونیورسٹی قائم ہو چکی ہے جس میں 600سے زائد طلباء بغیر فیس کے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔اخوت قرضہ حسنہ کا پروگرام دنیا بھر میں سب سے بڑا پروگرام ہے۔اخوت ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو 77ارب سے زائد کا قرض دے چکا ہے جس کی واپسی کا تناسب 99.99فیصد ہے۔