پنجاب اسمبلی تنخواہوں میں اضافہ کیلئے حکومت، اپوزیشن متحد: بل اسی ہفتے لایا جائے: ڈپٹی سپیکر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں تنخواہوں میں اضافے کے معاملے میں حکومت اور اپوزیشن متحد، ڈپٹی سپیکر نے وزیر قانون کو اسی ہفتے تنخواہوں میں اضافے کا بل لانے کی ہدایت کردی۔ وزیر قانون نے ڈپٹی سپیکر کو کابینہ سے فوری منظوری کی یقین دہانی کرادی۔ وزیر اطلاعات فیاض چوہان کے ہندوئوں کے بارے میں ریمارکس کیخلاف اپوزیشن نے واک آئوٹ کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے حکم دیا کہ فیاض چوہان ایوان میں آکر معذرت کریں، جبکہ ڈپٹی سپیکر نے ارکان کی جانب سے مفاد عامہ سے متعلق قراردادیں ایوان میں پیش کرنے کے موقع پر متعلقہ وزراء کی غیر موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے اگر وزراء اسمبلی کارروائی کو چلانے میں سنجیدہ نہیں تو پھر انہیں وزیر رہنے کا بھی حق نہیں، جبکہ ایوان نے قومی اسمبلی کی طرح پنجاب اسمبلی کے صدر دروازے پر بھی کلمہ طیبہ تحریر کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ حکومتی رکن غضنفر عباس چھینہ نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کے پی اسمبلی میںارکان کی تنخواہیں 50، سندھ میں 80ہزار اور بلوچستان میں تین لاکھ ہے اور یہاں کے ارکان کا اللہ ہی حافظ ہے، میں نے ایک ترمیمی بل جمع کرادیا ہے اور آج ہے بھی غیر سرکاری ارکان کا دن اور مجھے بل پیش کرنے کی اجازت دی جائے، اس کے جواب میں وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا بل پیش ہو چکا ہے اور اب کو کابینہ سے منظور کرایا جائے گا اس کے بعد ہی اسمبلی میں لائیں گے۔ ڈپٹی سپیکر دوست مزاری نے کہا اگر تمام ممبران مطمئن ہیں اور ان کو بل پر کوئی اعتراض نہیں تو بل منظور ہونا چاہیے اس سے سب سے زیادہ خوشی تو وزراء کو ہو رہی ہے۔ وزیر قانون بل اسی ہفتے اجلاس میں لے کر آئیں اور بل کو فوری منظور کیا جاے۔ اس کے جواب میں وزیر قانون نے کہا اسی ہفتے کابینہ سے بل منظور کرالیا جائے اور اس کو اسمبلی سے بھی پاس کرلیں گے۔ بعد ازاں ن لیگ کے رکن طاہر خلیل سندھو نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا وزیر اطلاعات فیاض چوہان نے ہندو برادری کی توہین کی ہے۔ چوہدری ظہیر الدین نے کہا پاکستان کے جھنڈے میں سفید رنگ اقلیتوں کا ہے۔ سکھوں، ہندوئوں اور عیسائیوں کا پاکستان میں اہم رول ہے۔ وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم نے کہا فیصل واوڈا اور فیاض چوہان کے بیانات غیر ذمہ دارانہ ہیں، یہ پارٹی کا بیانیہ نہیں ہے۔ موجودہ حکومت نے پہلی بار کرسمس اور ہولی کے تہواروں کو سرکاری سطح پر منایا ہے۔ ن لیگ کے رکن رانا اقبال نے کہا اقلیتوں کا قیام پاکستان میں اہم رول ہے پاکستان کے جھنڈے میں سفید رنگ اقلیوں کی نمائندگی کرتا ہے، پاکستان کے آئیں کا آرٹیکل 25اقلیتوں کے برابر کے حقوق اور برابر کا شہری ہونے کا حق دیتا ہیں اور ان سے یہ حق کوئی نہیں چھین سکتا۔

ای پیپر دی نیشن