اسلام آباد (این این آئی) وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا کی کنٹرول لائن پر تصاویر بنوانے سے کوئی قیامت نہیں آگئی۔ 14 دن میں نیا ایم ڈی پی ٹی وی لگائیں گے۔ وزیراطلاعات نے میڈیا سے گفتگو میں کہا پاکستان بھارت کشیدگی میں کمی آرہی ہے۔ پاکستان جنگی جنون کا شکار نہیں ہوا۔ دوست ممالک اور امریکہ نے پاکستان کے مؤقف کی تائید کی۔ بھارت کے اندر سے بھی مودی کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ نیشنل سکیورٹی کمیٹی نے انتہاپسندی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔ کشیدگی میں کمی کا کریڈٹ وزیراعظم‘ فوجی قیادت کو جاتا ہے۔ موجودہ صورتحال میں ہمارے سیاستدانوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔ عوام اس بحران میں جنگی جنون کا شکار نہیں ہوئے۔ بھارتی میڈیا کا بھی پوری دنیا میں مذاق اڑا۔ دنیا میں پاکستان کا قد بڑھا ہے۔ مودی کی پالیسیوں کا دنیا میں مذاق بنایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی وی کے اخراجات زیادہ اور آمدن کم ہے، ارشد خان نے چیئرمین اور ایم ڈی بننے کیلئے کافی لابنگ کی انہوں نے یہ تو بتایا 2 مرتبہ پی ٹی وی میں رہے مگر یہ نہیں بتایا دونوں مرتبہ نکالے گئے، پی ٹی وی 12 ارب کے نقصان میں ہے جبکہ ادارے کا بورڈ اور انتظامیہ موجود ہی نہیں ہے،نا اہل لوگوں کی لابنگ کر کے سرکاری اداروں میں آنے سے ادارے تباہ ہوتے ہیں، اپوزیشن کو پی ٹی وی پر برابر ایئر ٹائم دینے کی پالیسی بنائی تھی وہ بھی ریورس ہو گئی ہے۔ انسانی حقوق کی کمیٹی میں پی ٹی وی کے معاملات پر اظہار خیال کرتے ہوئے چودھری فواد حسین نے کہا کہ پی ٹی وی سے بزنس پلان مانگا ہے کہ کیسے پیسے پورے کریں گے۔ پی ٹی وی کے 8 چینلز ہیں جو پانچ ارب کے نقصان میں ہیں۔ ارشد خان کو بھرتیوں سے روکا مگر انھوں نے لاکھوں روپے پر بھرتیاں شروع کر دیں۔ایم ڈی کیلئے 42 درخواستیں آئی ہیں۔ نااہل لوگ لابنگ کر کے سرکاری اداروں میں آتے ہیں جس کے باعث ادارے تباہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کا بزنس پلان مانگا تو کہا گیا کہ وہ وزیر اعظم ہائوس کو دیں گے۔ مواد تیار نہیں کیاگیالیکن پی ٹی وی انتظامیہ نے بھاری تنخواہوں پر سیلز میں بندے رکھ لئے ہیں۔