نئی گنج ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم، سندھ حکومت چاہتی ہی نہیں کوئی کام ہو: سپریم کورٹ

Mar 06, 2019

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ نے نئی گج ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دیدیا۔ عدالت نے پلاننگ ڈویژن اور سیکرٹری آبپاشی سندھ سے عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی۔ سپریم کورٹ نے وفاق اور سندھ حکومت پر برہمی کا اظہار کیا۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ وفاق اور سندھ حکومت واپڈا کو فنڈز کی بروقت فراہمی یقینی بنائے۔ سندھ حکومت چاہتی ہی نہیں کہ صوبے میں کام ہو۔ سندھ حکومت کو شاید 2010ء کا سیلاب بھول چکا ہے۔ سیلاب میں پانی کا سارا بہائو نئی گج کے مقام پر ہی تھا۔ جسٹس گلزار احمد نے کہا عوامی مفاد کے کام ایک دوسرے کے کندھے پر ڈال دیئے جاتے ہیں۔ وفاق اور سندھ کے درمیان رابطہ نہیں۔ جسٹس گلزار نے وفاق اور سندھ حکومت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہر سال بارشوں کا پانی سمندر میں گر کر ضائع ہو جاتا ہے۔ سندھ حکومت کو شاید 2010ء کا سیلاب یاد نہیں ہے۔ سندھ حکومت کی کام کرنے کی نیت نہیں ہے۔ سندھ حکومت چاہتی ہی نہیں کہ صوبے میںکام ہو۔ سندھ حکومت کو آخر مسئلہ کیا ہے؟ 30 سال سے نئی گج ڈیم کا معاملہ چل رہا ہے۔ ہرسال رقم مختص کرکے ضائع کر دی جاتی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ وفاق اور سندھ واپڈا کو فنڈز کی فراہمی یقینی بنائے۔ عوامی مفاد کے کام ایک دوسرے کے کندھے پر ڈال دیئے جاتے ہیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت میں بتایا کہ سندھ حکومت نے تاحال فنڈز دینے پر جواب نہیں دیا۔ وفاقی حکومت اپنے حصے کے فنڈز دینے پر آمادہ ہے۔ سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلے پر وزارت قانون سے رائے مانگنے پر کابینہ ڈویژن کو نوٹس جاری کر دیا ہے جبکہ پلاننگ ڈویژن اورسیکرٹری آبپاشی سندھ سے عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

مزیدخبریں