علاج کی بھیک مانگی نہ مانگوں گا، نواز شریف کا ہسپتال جانے سے پھر انکار

Mar 06, 2019 | 19:50

ویب ڈیسک

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے جیل سے ہسپتال منتقل ہونے سے ایک بار پھر انکار کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کی۔

شہباز شریف نے جیل میں نواز شریف کی صحت دریافت کی اور ہسپتال منتقلی کے معاملے پر بات کی۔شہباز شریف نے ملاقات کے بعد تصدیق کی کہ نواز شریف کی صحت ٹھیک نہیں، ان کو بازو میں درد کی بار بار شکایت سامنے آرہی ہے جو تشویشناک علامت ہے۔انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کی صحت کی ناسازی کی بنا پر جمعرات کو ان سے ملاقاتیں نہیں ہوں گی۔

شہباز شریف نے ارکان پارلیمان، رہنما، کارکنان، بہی خواہ، دوست احباب اور عوام سے نواز شریف کی صحت کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جیل آنے کے بجائے اپنے، اپنے علاقوں میں رہتے ہوئے ان کی صحت کے لیے دعا کی جائے۔

نواز شریف کی والدہ اور دیگر اہلخانہ نے انہیں جیل سے ہسپتال منتقل ہونے کے لیے منانے کی کوشش کی، جو ایک بار پھر ناکام ہوگئی۔نواز شریف نے اہلخانہ کو جواب دیا کہ حکومت کا تضحیک آمیز رویہ قبول نہیں، ایک سے دوسرے ہسپتال گھمایا جارہا ہے جبکہ 5 میڈیکل بورڈز کی رپورٹس کے بعد بھی علاج شروع نہیں ہوا۔انہوں نے اہلخانہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ تضحیک قبول نہیں، عزت کی موت کو ترجیح دوں گا، علاج کی بھیک مانگی ہے اور نہ مانگوں گا، جبکہ علاج کے نام پر سیاست ہو رہی ہے۔'

مزیدخبریں