وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ، افسروں اور سٹاف کیلئے کثیرالمقاصد سہولتوں کا افتتاح کیا

Mar 06, 2019 | 21:26

ویب ڈیسک

 وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آج پنجاب سیف سٹی اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے سیف سٹی اتھارٹی کے افسروں اور سٹاف کیلئے کثیرالمقاصد سہولتوں کے پراجیکٹ کا افتتاح کیا اور افسروں اور سٹاف کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے نئے کانفرنس روم،میس اور تفریحی ایریا کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری فرائض کی ادائیگی کیساتھ ریفرشمنٹ بھی ضروری ہے اور ایسی سہولتوں کی فراہمی سے عملے کی استعدادکار میں اضافہ ہوتا ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے بورڈکا 24 واں اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت سیف سٹی پراجیکٹس کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھا رہی ہے اور یہ منصوبہ امن عامہ کی بہتری، جرائم کے سدباب اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھانے سے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرکے پنجاب کو محفوظ بنائیں گے۔قصور سیف سٹی پراجیکٹ کو جلد مکمل کر لیا جائے گااوراس منصوبے کو جلد آپریشنل کردیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ملتان، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں سیف سٹی پراجیکٹس کیلئے عمار توں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کیلئے نئی بھرتیوں کی منظوری دی۔اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر کے کنٹریکٹ میں توسیع کی بھی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے سروس ریگولیشنز میں ترامیم اورپنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ملازم کی وفات کی صورت میں اہل خانہ کو مالی امداددینے کی منظوری دی گئی۔شادی شدہ خواتین ملازمین کو زچگی کی صورت میں 90روز کی میٹرنٹی رخصت ملے گی جبکہ اطمینان بخش کارکردگی  پر ملازمین کے کنٹریکٹ میں مزید 4 سال کیلئے توسیع کی جا سکے گی۔خراب کارکردگی پر ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں ہوگی۔پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ملازمین ایک سال سروس مکمل کرنے بعد گریجویٹی کے حق دار ہوں گے۔اجلاس میں جونیئرایگزیکٹو آفیسر کی تنخواہ میں اضافے اور سیف سٹی اتھارٹی کے پولیس کمیونیکیشن آفیسرز کے کیریئر پلان کی منظوری دی گئی۔لیو ان کیش منٹ الاونس،حج عمرہ رخصت حکومت پنجاب کے قانون کے مطابق اور پنجاب پولیس سے آنے والے پولیس آفیسرز کو الاونس کی منظوری بھی دیدی گئی ۔ اس کے علاوہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ملازمین کی تنخواہیں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جاری رکھنے کی منظوری بھی دیدی گئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے دوسرے شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ لگانے کے حوالے سے جلد فنڈز جاری کرنے کا بھی کہا.وزیراعلی کا کہنا تھا کہ میرا وژن سیف سٹی ،سیف پنجاب اور سیف پاکستان ہے .اس موقع پر وزیراعلی نے سیف سٹی حکام کو گورننس سے متعلقہ مسائل بارے بھی آگاہ کرنے کا کہا ۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ ای چالان کی ادائیگی آن لائن بھی ہو سکے گی۔وزیراعلیٰ نے ای چالان کی آن لائن ادائیگی کے لئے اقدامات کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ای چالان کی آن لائن ادائیگی سے بینک جانے کی زحمت سے بچا جا سکے گا۔وزیراعلیٰ نے ویڈیو وال اور میڈیا مانیٹرنگ روم کا بھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے جدید کیمروں کی مدد سے ٹریفک نظام اوراہم سڑکوں کی مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی علی عامرملک نے وزیراعلی پنجاب کو مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا اور بریفنگ بھی دی۔ وزیراعلیٰ نے سنٹر میں موجودعملے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ محنت سے فرائض سرانجام دیں اورجدید نظام دیکھ کربہت خوشی ہوئی ہے۔جرائم کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا عملہ جانفشانی سے کام کررہا ہے۔پنجاب حکومت نے آپ کے کیرےئر پلان اورسروس سٹرکچر کی منظوری دی ہے۔ آئندہ بھی آپ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔چیف آپر یٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اکبرناصر خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ای چالان کے ذریعے9لاکھ25ہزار افراد کو جرمانے کیے گئے ہیں جبکہ ای چالان کی مد میں 100ملین روپے وصول کیے جاچکے ہیں۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل،انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،، سیکرٹریزخزانہ، تعمیرات و مواصلات، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزیدخبریں