مودی نے نفرت کی آگ لگا کر خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا: سراج الحق

Mar 06, 2020


لاہور، اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار، نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ برہمن سوچ کے حامل نریندرمودی نے نفرت اور تعصب کی آگ سلگا کرپورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، ہندوستان میں برہمن کے گلاس میں کوئی پانی پی لے تو گلاس کو توڑ دیا جاتا ہے، مسلمانوں اور عیسائیوں کواپنا مذہب چھوڑ کر زبردستی ہندو بنانے کے لیے ان کا قتل عام کیا جا رہا ہے، مودی کے ہاتھ نہ روکے گئے اور اس کے اقتدار کو دوام ملا تو دنیا تیسری عالم گیر جنگ کی لپیٹ میں آجائے گی، کشمیریوں کی 250سالہ تاریخی حیثیت مودی نے ختم کر کے دنیا کو پیغام دیا ہے کہ وہ توسیع پسندانہ عزائم رکھتے ہیں، ایک کروڑ چالیس لاکھ کشمیریوں نے آزادی یا فتح تک لڑنے کا فیصلہ کر کے دنیا کے ضمیر کو جگانے کی کوشش کی ہے، جماعت اسلامی پاکستان اور22 کروڑ پاکستانی عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں، مودی کا علاج جماعت اسلامی کے پاس ہے، بھارت کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ اسلامی ممالک بھارت کا سیاسی، سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کریں، اسلام آباد میں کشمیر پر او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلوائیں، عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر کردار ادا کریں، عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کمشن کو مقبوضہ کشمیرتک رسائی دی جائے تاکہ وہ اپنی آنکھوں سے مظالم دیکھ سکیں، ان خیالات کا اظہا انھوں نے جماعت اسلامی آزاد کشمیرکے زیر اہتمام ایک روزہ لیڈر شپ ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا، لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ سے جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر سابق وزیر قانون مشتا ق ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی راجہ فاضل تبسم، مولانا تاج محمود صدیقی اور دیگر قائدین نے خطا ب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاجماعت اسلامی بے حیائی کی ہر مہم کا مقابلہ کرے گی۔8 مارچ کو پورے ملک میں خواتین کے حقوق کے لیے خصوصی پروگرامات اور مارچ کریں گے، جو چادر اور عزت کا تاج حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ہماری ماں اور بہنوں کے سر پر رکھا ہے اس کو ہٹانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ الیکشن کمشن اس امیدوار کو الیکشن میںحصہ لینے کی اجازت ہی نہ دے جو اپنی بہن کو وراثت میں حق نہ دے۔ زینب الرٹ بل میں قاتل کو پھانسی دینے کی سزا ختم کر دی گئی ہے، ہم پھانسی اور سرعام پھانسی کی سزا کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، حکمرانوں کے دل میں اللہ کا نہیں یورپ کا خوف ہے اس لیے پھانسی کی سزا ختم کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ایٹ میں جامع مسجد الفرقان میں ختم بخاری شریف کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مزیدخبریں