طوفانی بارش: چھتیں، بجلی گرنے سے 3 بچوں سمیت 7 جاں بحق، لیسکو کے 180 فیڈر ٹرپ، پروازیں معطل

Mar 06, 2020

لاہور+ نوشہرہ ورکاں+ کامونکے (سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے لاہور میں ٹریفک کا نظام معطل، 180 لیسکو فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے جبکہ کئی پروازیں بھی معطل کرنا پڑیں۔ مردان میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔ مظفر گڑھ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو طلباء جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل تخت بھائی کے علاقہ سرور آباد جلالہ میں بارش کے باعث ڈرائیور دوست محمد کے مکان کی بوسیدہ چھت گر گئی۔ ملبے تلے 8 افراد دب گئے۔ ریسکیو ٹیم نے 5 افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا جبکہ 3 کمسن بچے موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 8 سالہ فائزہ‘ 4 سالہ ثناء جبکہ شیرخوار وقاص شامل ہیں۔ دوسری جانب مظفر گڑھ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو طلباء جاں بحق ہو گئے۔ دونوں طالبعلم چھٹی کے بعد گھر جا رہے تھے۔ ادھر خیبر پی کے میں حالیہ بارشوں کے دوران 5 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔ پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) نے گزشتہ روز ہونے والے بارش میں خیبر پی کے نے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، عارفوالہ، بوریوالہ میں بھی تیز بارش ہوئی۔ نواحی گاؤں 151 ای بی میں بارش کے باعث خستہ حال گھر کی چھت گرنے سے پانچ افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے، ریسکیو 1122 کے ذرائع کے مطابقاسلم اور الطاف کے گھر کی چھت گرنے سے شمیم بی بی زوجہ محمد اسلم، 8 سالہ بیٹا اکمل اسلم، 8 سالہ لقمان الطاف، پانچ سالہ ایمان فاطمہ اور 6 سالہ عبداللہ وسیم زخمی ہو گئے۔ جکھڑ، کمالیہ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ دن بھر وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کیساتھ بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی ۔ ساہیوال میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔ اوکاڑہ میں بارش کے باعث سپورٹس شاپ کی دکان کی چھت گر گئی جس کے باعث 4 افراد زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں صوبائی دارالحکومت لاہور میں گذشتہ رات ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش سے شہر کے مختلف حصوں میںسڑکیں، گلی محلے ڈوب گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ اور کل ہفتہ کے روز اسلام آباد سمیت خطہ پوٹھوہار، خیبر پی کے اور کشمیر میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ غیر معمولی بارشوں، ژالہ باری اور تیز ہوائوں سے خیبر پی کے اور بالائی پنجاب میں گندم کی فصل کو جزوی نقصان کا خدشہ ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں  خیبرپختونخوا ، پنجاب ، شمالی بلوچستان ، کشمیر اور اسلام آباد کے تمام اضلاع میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ مالم جبہ اور پٹن میں برف باری بھی ہوئی۔ مزید برآں سمن آباد، شالیمار باغ، تاج پورہ، اسلامپورہ، چوبرجی، مغلپورہ، ہربنس پورہ، گلشن راوی بجلی سے محروم رہے۔ تخت بھائی کے علاقہ قدرت آباد میں بھی بارش سے متاثر کچے مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں آٹھ سالہ مظہر ولد طاہر موقع پر جاں بحق جبکہ اس کی چچی نسیم بی بی اور چچا زاد بھائی معیز اور معاذ ولد گل نبی شدید زخمی ہو گئے۔ نوشہرہ ورکاں شہر و گردونواح میں گرچ و چمک کے ساتھ وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری نشیبی علاقے زیر آب گلیاں اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔ شہر کے متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی۔ کامونکے میں بارش کے دوران نواحی گاؤں گوارلی کے رفیق احمد کے گھر کی کچی چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں نیچے بیٹھی اس کی پچاس سالہ بیوی شمع بی بی زخمی ہو گئی جبکہ محلہ حبیب پورہ کے حمید اللہ کی موٹرسائیکل پھسل گئی جس سے وہ گر شدید زخمی ہو گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ اور گردو نواح میں گزشتہ روز ہونیوالی بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے۔ گیپکو چیف کی ہدایت پر ریجن بھر کے فیلڈ افسران نے بارش رکنے پر متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔ گیپکو ترجمان کے مطابق سٹی سرکل، کینٹ سرکل، گجرات سرکل، نارووال سرکل اور سیالکوٹ سرکل میں طوفانی بارشوں کے باعث بجلی منقطع ہو گئی تھی۔

مزیدخبریں