اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے معذور افراد کے حقوق سے متعلق کیس کی سماعت کے دور ان کہا ہے کہ اگلی سماعت پر تمام وکلاء عدالت میں موجود ہوں، عدالت فریقین کو سن کر فیصلہ کردے گی۔ جمعرات کو دور ان سماعت چیف جسٹس نے کہاکہ معذور افراد سے متعلق ہمارا فیصلہ موجود ہے، وفاقی حکومت نے 2 فیصد کوٹہ رکھا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ صرف سندھ حکومت نے 5 فیصد کوٹہ رکھا ہے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل پنجاب نے کہاکہ معذور افراد کے حوالے سے عدالت میں رپورٹ جمع کرا چکے ہیں،عدالت معذور افراد کے تحفظ کے حوالے سے رولز پر عملدرآمد کے لیے حکم جاری کردے، عدالت جو حکم دے گی پنجاب حکومت اس پر عمل کرے گی۔ عدالت نے کہاکہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرائے جا چکے ہیں، درخواست گزار کو جوابات کی کاپی فراہم کی جائے۔عدالت نے کہاکہ اگلی سماعت پر تمام وکلاء عدالت میں موجود ہوں، عدالت فریقین کو سن کر فیصلہ کردے گی۔