شاہد خاقان،احسن اقبال کو ’’ان ہائوس تبدیلی ‘‘ کیلئے اپوزیشن سے رابطوں کاٹاسک

Mar 06, 2020

اسلام آباد ( محمد نواز رضا ۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی اور سیکریٹری جنرل احسن اقبال کو ’’ ان ہائوس ‘‘ تبدیلی یا قبل ازوقت انتخابات کے انعقاد کے لئے سیاسی ماحول پیدا کرنے کے لئے حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے رابطے قائم کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی کراچی میں ایم کیو ایم کے ہیڈ کوارٹر میں ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات اس سلسلے کی کڑی ہے مسلم لیگی رہنما جی ڈی اے ،بی این پی (مینگل)اور مسلم لیگ(ق) کی قیادت سے بھی رابطے کر یں گے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے پارٹی رہنمائوں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یا ولی ، نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ملاقاتیں کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے تحفظات دور کر کے ا پوزیشن کو مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اکھٹا کریں ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کو متحرک کرنے کے لئے ملک گیر دورہ کرنے کی ہدایت کی ہے دونوں رہنما جلد مختلف شہروں میں مسلم لیگی کارکنوں کے کنونشنوں سے خطاب کریں گے ۔

مزیدخبریں