شام میں ترک فوجیوں کی اموات پر افسوس ہے:پیوٹن کی ایردوآن سے تعزیت

Mar 06, 2020 | 10:06

ویب ڈیسک

شام کے صوبہ ادلب میں گذشتہ ماہ ہونے والی لڑائی کے دوران روسی اور شامی فوج کے حملوں میں درجنوں ترک فوجیوں کی ہلاکتوں پر روسی صدر ولادی میر پوتین نے اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن سے تعزیت کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ترک صدر نے روس کے حالیہ دورے کے دوران ماسکو میں روسی صدر سے ملاقات کی۔اس موقع پر صدر پوتین نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ شام میں ہماری فوج کی وجہ سے غلطی سے ترک فوجیوں کی اموات ہوئی ہیں۔ یہ ایک بہت بڑا المیہ تھا۔ ترک فوج نے اپنے ٹھکانوں کے بارے میں روسی اور شامی فوج کو آگاہ نہیں کیا تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ترکی کے جوابی حملوں میں شامی فوج کا بھی بھاری نقصان ہوا ہے۔ پوتین اور ایردوآن کے مابین دو طرفہ ملاقات دو گھنٹے چالیس منٹ تک جاری رہی۔ اس کے بعد ادلب سے متعلق روسی اور ترک وفود نے بھی ملاقات کی۔روس اور ترکی کے سربراہ اجلاس نے شمال مغربی شام میں کشیدگی پر بات چیت کی۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دوسری طرف ماسکو، شام کے سمندری علاقوں کی حدود میں بڑی فوجی کمک لگانے پر زور دے رہا ہے۔اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کے آغاز میں روسی صدر نے کہا کہ ادلب کی صورتحال ایک ایسے موڑ پر داخل ہو چکی ہے جس میں ہمارے درمیان براہ راست گفتگو کی ضرورت ہے۔اس پر ترک صدر نے کہا کہ ادلب کی نازک صورت حال کو سمجھتے ہیں۔ اس لیے براہ راست بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ دونوں رہ نماﺅں کی ون آن ون ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے وفود بھی شامل ہوگئے۔اس موقع پر ترک صدر طیب ایردوآن نے ادلب میں امن وامان کی صورت حال کی بہتری کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور روس کے تعلقات اپنے عروج پر ہیں اور ہم چاہیں گے کہ یہ مزید مستحکم ہوں۔

مزیدخبریں