بھوٹان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ

Mar 06, 2020 | 12:22

ویب ڈیسک

بھوٹان کے وزیراعظم لوٹے شئیرنگ نے جمعے کی صبح اعلان کیا ہے کہ ان کے ملک میں کورونا وائرس کے ایک مثبت کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں عوام کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ 5 مارچ کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے کورونا وائرس کے ایک مثبت کیس کی تصدیق ہوئی ہے اور 6 مارچ کو مقامی وقت رات 12:30 بجے اس نتیجے کی توثیق کی گئی۔یہ مریض امریکہ سے تعلق رکھنے والا ایک 76 سالہ سیا ح ہے جو پیر کے روز گوہاٹی، بھارت کے راستے بھوٹان آیا۔بھوٹان کی وزارت صحت کے مطابق یہ مریض 21 فروری سے یکم مارچ تک بھارت کی سیاحت کرتا رہا ۔انہوں نے 18 فروری کو واشنگٹن ڈی سی سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔یہ مریض اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ سفر کررہا تھا جس کی عمر 59 برس ہے اور جب وہ بھوٹان پہنچا تو اس وقت طیارے پر 10 دیگر مسافر بھی سوار تھے جن میں سے 8 بھارتی شہری ہیں۔ائیرپورٹ پر اس کی صحت سے متعلق کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی، ان کی تمام تر صورتحال منفی تھی۔تاہم جب وہ تھمپھو پہنچا تو مقامی وقت کے مطابق وہ 3بجے دوپہر ہسپتال آیا اور پیٹ میں درد اور متلی کی شکایت کی،مریض شدید ہائی بلڈ پریشر کا شکار تھا ۔وزارت صحت نے کہا کہ تھمپھو میں رات گزارنے کے بعد اس نے اپنے ساتھی کے ہمراہ پوناکا کا سفر کیا اور کئی جگہ پر ٹھہرا۔ وہ دوبارہ جمعرات کے روز تھمپھو آیا اور ایک بار پھر ہسپتال آیا تو پتہ چلا کہ اسے بخار، گلے میں تکلیف ، کھانسی ، اور سانس لینے میں تکلیف ہورہی ہے۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ اس کو فلو کلینک (جسے کورونا وائرس ہسپتال قرار دیا گیا )میں زیر نگرانی رکھا گیا ہے اور ان کا نمونہ حاصل کرکے رائل سنٹر آف ڈیزیز کنڑول (آر سی ڈی سی)بھجوادیا گیا ہے۔تصدیق ہونے کے بعد اس کو کورونا وائرس ہسپتال میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔ اس کی عمر اور خراب جسمانی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مریض کو آکسیجن سپورٹ پر رکھا گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ تصدیق ہونے کے بعد سے 90 راوبط کا پتہ چلا ہے متعلقہ ایجنسیاں مرض کے ابتدائی انتظامات اور راوبط کا پتہ چلارہے ہیں۔تھمپھو ،پارو اور پوناکا کے تین اضلاع میں جہاں بھی اس مریض نے سفر کیا ہے وہاں کے سکولوں اور اداروں میں 3 ہفتوں تک چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں