چین نے کراچی جانے والے بحری جہاز پر فوجی سامان ہونے کا بھارتی دعویٰ مسترد کردیا

چین نے بھارت کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کردیاہے کہ کراچی کے لیے روانہ ہونے والے زیر حراست چینی تجارتی بحری جہاز پر ایسا سامان لدا تھا جو عدم پھیلاو اور برآمداتی کنٹرول کی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان شاو نے بیجنگ میں ایک میڈیا بریفنگ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ چین سے پاکستان جانے والے بحری جہاز کو بھارت نے حراست میں لیا تھا لیکن جہاز پر موجود آٹو کلیو، جس کے بارے میں بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ بیلسٹک میزائلز میں استعمال ہوسکتا ہے، وہ برآمدات پر کنٹرول اور عدم پھیلاو کے تحت نہ تو فوجی سازو سامان تھا اور نہ ہی دہرے استعمال کی چیز ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چین ایک ذمہ دار ملک ہے اور بین الاقوامی عدم پھیلاو کی پابندیوں اور عالمی وعدوں کی پاسداری کرتا ہے۔چینی حکومت کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بحری جہاز کو چلانے والوں نے سچائی کےساتھ بھارتی حکام کو جہاز پر لدے سامان کے بارے میں آگاہ کیا تھا اس لیے اس میں کوئی چھپی ہوئی یا جھوٹ بات نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن