لاہور(خصوصی نامہ نگار ) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ یہ نظام مک مکا اور ہارس ٹریڈنگ کا محافظ ہے ،جو دھاندلی کرواتے اور آنکھیں بند کرتے ہیں انہی سے انصاف مانگنا ایسے ہی ہے جیسے تلوار سے زخم بھرنے کی کوشش کی جائے، الیکشن کمیشن نے 2021ء میں بھی وہی آئینی کردار ادا کیا جو وہ عرصہ چالیس سال سے ادا کررہا ہے، اس نظام میں اگر وزیراعظم بے بس ہیں تو پھر عوام کہاں جائیں؟ اڑھائی سال میں نظام بدلا نہ سانحہ ماڈل ٹائون کے مظلوموں کو انصاف ملا،گھوڑوں کی مدد سے نظام بدلنے کی خواہش خود فریبی تھی جس کے بارے میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے واضح الفاظ میں خبردار کر دیا تھا، آج بھی سانحہ ماڈل ٹائون کے مظلوم انصاف کے لئے دربدر ہیں۔ مظلوموں کی دعا اور بددعا دونوں عرش تک جاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی و دیگر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔